کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ایرانی قونصلیٹ کے ملازم سمیت 4 جاں بحق

ایک اہلکار کو ڈیوٹی سے واپسی پراوردوسرے کوڈیوٹی پرجاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا،دونوں کو نائن ایم ایم پستول سے قتل کیاگیا


Staff Reporter June 10, 2014
قونصلیٹ ملازم اور اسکے بھائی کوناظم آباد انکوائری آفس پر گھات لگا کرگولیاں ماری گئیں،دونوں ملازمت پر جا رہے تھے، ملزمان فرار۔ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اسپیشل برانچ ، ٹریفک پولیس کے اہلکار اور ایرانی قونصلیٹ کے ملازم اور اس کے بھائی سمیت4افراد جاں بحق اور 4افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹائون بجلی نگرمیں موٹرسائیکل سوار2 ملزمان نے موٹرسائیکل پرسوار32سالہ حسنات شاہ کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا،ایس ایچ اوزاہد حسین نے بتایا کہ مقتول حسنات شاہ اسپیشل برانچ پیرآباد میں تعینات تھا اورواقعے کے وقت پیرآباد تھانے سے اپنے گھربجلی نگرجارہا تھا کہ ملزمان نے تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے اسے قتل کیااور فرارہوگئے، پولیس کوشبہ ہے کہ مقتول حسنات شاہ کے قتل میں کالعدم تنظیم ملوث ہے، شاہراہ نور جہاں کے علاقے عبداﷲ کالج چورنگی پرموٹرسائیکل سوارملزمان نے موٹر سائیکل سوار35سالہ فیض محمدکے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اورفرارہوگئے، مقتول ٹریفک پولیس کا اہلکار اوراتحاد ٹاؤن کا رہائشی تھا جبکہ اس کے دوبیٹے اوردوبیٹیاں ہیں۔

گارڈن ٹریفک پولیس چوکی کے ہیڈ محررنازک نے بتایا کہ مقتول گارڈن ٹریفک پولیس چوکی پر تعینات تھا واقعے کے وقت وہ اپنے گھر سے گارڈن ڈیوٹی پر آنے کے لیے نکلا تھا کہ تعاقب میں آنے والے موٹرسائیکل سوارملزمان نے عبد اﷲ کالج چورنگی کے قریب عقب سے کمر اور پیٹ میں تین گولیاں مار دیں جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا،مقتول کی نماز جنازہ رات8 بجے گارڈن ہیڈ کوارٹر ساؤتھ میں پورے پولیس اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں مقتول کے رشتے داروں کے علاوہ ڈی آئی جی ٹریفک عارف حنیف ، ایس ایس پی ساؤتھ ٹریفک تنویرعالم اوڈھو اوردیگر اعلیٰ افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اسے اتحاد ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا، پولیس کے مطابق فیض محمد اور حسنات شاہ کوملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے قتل کیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے خول بھی برآمد کیے ہیں ، جن کوفارنسک لیبارٹری بھیجاجائے گا، واضح رہے کہ رواں برس سندھ پولیس کے73افسران و اہلکار شہید کر دیے گئے ، گلبہار کے علاقے ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو بھائیوں 32 سالہ نذیرمحمدی اور30سالہ بشیرمحمدی کو شدید زخمی کردیا جو اسپتال کے راستیدم توڑگئے،ایس ایچ اوگلبہار محسن علی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں بھائی ناظم آباد نمبر3 ماہ نور اپارٹمنٹ کے رہائشی تھے، مقتول بشیر محمدی ایرانی قونصلیٹ کا ملازم تھا ، جبکہ نذیر محمدی میڈیسن سپلائی کاکا م کرتا تھا ، واقعے کے وقت دونوں بھائی ملازمت پرجارہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں بھی ملزمان نے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا ہے، پولیس نے جائے وقوع سے6خول برآمدکرلیے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین گلگتی تھے اور بلتستان سے تعلق رکھتے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ فرقہ ورانہ دہشت گردی معلوم ہوتا ہے، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جمشید کوارٹر پٹیل پاڑہ میں وسیم بلوچ ،بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں 25سالہ سلیم ،شاہراہ نور جہاں کے علاقے عبداﷲ کالج کے قریب 30سالہ سلیم اور28 سالہ سکندر زخمی ہوگئے ،شاہراہ نور جہاں اور پیرآباد پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی جس کے باعث زخمیوں سے بیان لینے کوئی پولیس افسر اسپتال نہیں پہنچا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں