کراچی میں فائرنگ سے ایک اور نوجوان جاں بحق
مقتول کا موبائل اور پیسے نہیں چھینے گئے، واقعہ ذاتی دشمنی ہوسکتا ہے، پولیس
شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاون مسلح شخص نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔
ڈی ایس پی بلدیہ ٹاؤن سلمان وحید کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر 9 کے علاقے میں کباڑی مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کرکے 30 سالہ محمد عدنان ولد محمد سائین کو قتل کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول بلدیہ ٹاون کا رہائشی اور اسی علاقے میں لیڈیز ٹیلر ماسٹر کا کام کرتا کرتا تھا مقتول کی جیپ سے 700 روپے نقد اور موبائل بھی ملا ہے۔ شبہ ہے کہ مقتول کو ملزمان نے ذاتی رنجش پر قتل کیا ہے۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عدنان دکان پر کام کررہا تھا کہ اس دوران ایک موٹرسائیکل سوار اُسی کی دکان کے سامنے آکر رکا تو خاتون نے نشاندہی کی۔ جس پر ملزم وہاں سے گیا اور خاتون کو اتار کر واپس آیا اور پھر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں عدنان موقع پر ہلاک ہوگیا۔