پروٹیزکوزمبابوےاور بیماریوں سے لڑائی کاچیلنج درپیش

5 کھلاڑی مختلف امراض میں مبتلا، مورکل کی کمر میں تکلیف، آج میدان میں اتارنے سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا، ٹیم منیجر


AFP September 20, 2012
5 کھلاڑی مختلف امراض میں مبتلا، مورکل کی کمر میں تکلیف، آج میدان میں اتارنے سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا، ٹیم منیجر فوٹو: رائٹرز

ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ سی میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا مقابلہ جمعرات کو ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔

پروٹیز کو زمبابوے اور بیماریوں سے بیک وقت لڑائی کا چیلنج درپیش ہے، 5 کھلاڑی مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں، آل رائونڈر البائی مورکل کو کمر کی تکلیف لاحق ہوگئی ہے، اسکے باوجود جنوبی افریقی ٹیم اپنی ہمسایہ سائیڈکو ایونٹ سے آئوٹ کرنے کیلیے تیار ہے۔

اسٹار بیٹسمین ہاشم آملا کا کہنا ہے کہ ہم فاتحانہ آغاز کرنے کیلیے پُراعتماد ہیں، ادھر زمبابوے کو 'کرو یا مرو' کا چیلنج درپیش اور سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کیلیے اسے لازمی فتح درکار ہے۔ سری لنکا کے ہاتھوں افتتاحی میچ میں اسے82 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، کوچ ایلن بائوچر کا کہنا ہے کہ ہم فتح کیلیے پوری توانائیاں صرف کردینگے۔

انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس اس ٹورنامنٹ میں یہ آخری موقع ہے، اس لیے سری لنکا کے میچ سے کہیں زیادہ بہتر پرفارمنس پیش کرنا ہوگی، ہمارا مقابلہ ایک اور مضبوط ترین ٹیم پروٹیز سے ہے اور ہم ان کی صلاحیتوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، ہمیں ایسی کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت ہے جس پر فخر کرسکیں۔

یاد رہے کہ زمبابوین ٹیم اس سے قبل 2007 اور 2010 کے ورلڈ کپ میں بھی پہلے ہی رائونڈ سے باہر ہوچکی ہے۔ دریں اثنا جنوبی افریقہ کیلیے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل زمبابوے کیخلاف میچ سے زیادہ تشویش کی بات کھلاڑیوں کی فٹنس ہے، 5پلیئرز مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ٹیم منیجر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ ہمارے چند کھلاڑیوں کووائرل انفیکشن، الٹیاں اور ڈائریا جیسی بیماریوں کا سامنا رہا مگر تیزی سے بہتر ہورہے ہیں، البتہ کمر کی تکلیف میں مبتلا آل رائونڈر مورن مورکل کو میدان میں اتارنے سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں