لیہ ڈی ایچ کیواسپتال میں ہیڈ نرس سے اجتماعی زیادتی اور ڈکیتی کے ملزمان گرفتار

ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ترجمان پولیس، ایڈیشنل آئی جی کی متاثرہ نرس کے گھر آمد

—فائل فوٹو

لیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو اسپتال کی ہیڈ نرس کے ساتھ گینگ ریپ اور ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال کی نرس کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے اور ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو واردات کے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔

درندہ صفت ملزمان میں فیاض، منظور حسین اور عمران شامل ہے، تینوں ملزمان نے ایک روز قبل رات کے وقت ہیڈ نرس شازیہ طفیل کے گھر میں گھس کر اسے اسلحے کے زور پر گینگ ریپ اور ڈکیتی کا نشانہ بنایا تھا۔

ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی لیہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے نامعلوم ملزمان کو ٹریس آؤٹ کرکے گرفتار کیا۔


دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان متاثرہ ہیڈ نرس شازیہ طفیل کے گھر پہنچ گئے اورمتاثرہ خاتون کوانصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سفاک ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لیہ: ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکوؤں کی نرس کے ساتھ اجتماعی زیادتی

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کےلیے پنجاب بھر میں قائم اینٹی وومن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل کو بھر پور انداز سے فعال کر دیا گیا ہے اور طالبات ، گھریلو خواتین اور ورکنگ لیڈیز کو پر امن ماحول اور مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے پر لیہ پولیس ٹیم کو شاباش دی، اس موقع پر ڈی پی او لیہ اسد الرحمن ، ایس پی لیگل ساؤتھ پنجاب حاکم نول بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لیہ کی ہیڈنرس کو ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
Load Next Story