موجودہ حالات میں پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سیاسی وعسکری قیادت متحد ہوں وزیرداخلہ

کراچی ایئرپورٹ حملے میں ہلاک دہشتگردغیرملکی لگتے ہیں جو طیاروں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، چوہدری نثار


ویب ڈیسک June 10, 2014
سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے نتیجے میں 7 دہشتگرد فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ 3 نے خود کو دھماکے سے اڑایا، چوہدری نثار۔ فوٹو؛فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سیاسی و عسکری قیادت متحد ہوں اور قیام امن کے لئے مل بیٹھ کر پالیسی تشکیل دیں۔


قومی اسمبلی میں کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اتوار کی شب 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا تاہم ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر حملے کی کوشش کی جسے جان کی پرواہ کئے بغیر ہمت و بہادری سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کردیا، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں میں ملک کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ موجود ہے تاہم سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ حالات میں پوائنٹ اسکورنگ اور ہر جماعت اپنی اپنی پالیسی دینے کے بجائے مل بیٹھے تاکہ ایسی راہ نکالی جائے جس سے ملک میں امن کا خواب پورا ہوسکے۔


وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اتوار کی شب 10 دہشت گرد 5 ،5 کی ٹولیوں میں اولڈ ٹرمینل سے داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے سوا 2 گھنٹے میں دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جو لباس پہنا تھا وہ اے ایس ایف سے ملتا جلتا تھا، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے نتیجے میں 7 دہشتگرد فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنے جب کہ 3 نے خود کو دھماکے سے اڑایا جب کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں۔


چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران کوئی ٹینک استعمال نہیں ہوا تاہم حیرت کی بات ہے کہ دہشتگرد کراچی میں آئے اور انہیں کسی جگہ روکا نہیں گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد مسافروں کو یرغمال اور طیاروں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی کے نتیجے میں حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں