قصور خواتین سے جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم گرفتار
ملزم یوسف فون پر خواتین سے دوستی کر کے انہیں گھر بلا کر جنسی زیادتی کرتا اور وڈیوز بناتا تھا، ڈی پی او
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو ورغلا کر ان سے جنسی زیادتی اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او قصور طارق عزیز نے بتایا کہ قصور کے علاقہ کھڈیاں خاص میں خواتین کو ورغلا کر ان سے جنسی زیادتی اور بلیک میل کرنے والے درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزم یوسف ٹیلی فون پر خواتین سے دوستی کر کے انہیں گھر بلاتا اور جنسی زیادتی کرتا، اس دوران وہ قابل اعتراض ویڈیوز بھی بناتا جن کی بنیاد پر خواتین کو بلیک میل کرتا تھا۔
سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لے کر ڈی پی او قصور طارق عزیز کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔
ڈی پی او قصور کے مطابق گرفتار ملزم یوسف کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کا موبائل فرانزک کیلیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خواتین کے ساتھ زیادتی اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری پر قصور پولیس کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ ہراسگی، زیادتی اور تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔