کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا جلاس ہوا جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام،چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیراعظم کےمعاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی کی صورتحال اور دہشت گردوں کی جانب سے حالیہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر داخلہ نے اس دوران کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی رپورٹ بھی پیش کی ۔اجلاس میں ملک کی اندرونی وبیرونی سکیورٹی سمیت فاٹا اور بلوچستان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اعلیٰ سطح اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے مابین مربوط انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے،ایئرپورٹ سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی صلاحیت بڑھانے اور ملکی سلامتی کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔