سندھ میں نئے تعلیمی شیڈول جاری پہلی سے تیسری کے طلبہ کو بغیر امتحان پروموٹ کیا جائے گا
چوتھی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات 15 اپریل سے 27 اپریل تک ہوں گے، شیڈول
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے 2024 ۔ 2025 نئے تعلیمی سال کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
شیڈول میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں کیونکہ پہلے نیا تعلیمی سیشن مارچ اپریل میں شروع ہو جاتا تھا جبکہ اس مرتبہ اگست سے شروع کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول اور کالجز کا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا، نرسری سے تیسری جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے شیڈول کے مطابق چوتھی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات 15 اپریل سے 27 اپریل تک ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات مٸی میں لٸے جاٸیں گے نتائج کا اعلان جولائی میں کیا جائے گا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات مٸی کےآخری ہفتہ میں ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان اگست میں کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31جولائی تک ہوں گے،موسم سرما کی تعطیلات 21دسمبر سے 31دسمبر تک ہوں گی۔