آئی ایم ایف کا مینڈیٹ سیاسی نہیں معاشی مسائل تک محدود ہے ترجمان کا عمران خان کے خط پر ردعمل

ادارہ جاتی معاشی استحکام وترقی کیلیے انتخابی تنازعات کے شفاف اورپرامن حل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، نمائندہ آئی ایم ایف

(فوٹو: فائل)

آئی ایم ایف کی ترجمان ایسٹر پیریز نے عمران خان کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا مینڈیٹ سیاسی نہیں بلکہ معاشی مسائل تک محدود ہے۔


بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ترجمان ایسٹر پیریز نے کہا کہ آئی ایم ایف کو 28 فروری کو پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے ایک خط موصول ہوا، جو اس پروگرام کے تحت پاکستان کے ساتھ فنڈ کی شمولیت سے متعلق تھا۔


یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی سے متعلق آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا


آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی (عمران خان) کا خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر اپنے ردِ عمل کے اظہار میں کہا کہ آئی ایم ایف بین الاقوامی ادارہ ہے جس کا معاشی مسائل تک مینڈیٹ محدود ہے۔ نہوں نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔


بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے بیان میں مزید کہا کہ ہم ادارہ جاتی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے انتخابی تنازعات کے شفاف اور پُر امن حل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔


مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر پی ٹی آئی کو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی، نگران وزیراعظم



یاد رہے کہ عمرا ن خان کی جانب سے خود اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ خط اس لیے لکھا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا؟۔اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ آئی قرض بڑھتا جائے گا، سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔


یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، نواز شریف


دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو لکھے گئے خط پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر ان کو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی، جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے ملکی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔


یہ خبر بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کو خط کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے، دفتر خارجہ


علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ایسا خط وہ لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وتیرہ ہے۔کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی۔ کیا یہ ملک دشمنی نہیں۔


مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے ملکی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا، بیرسٹر گوہر


دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بھی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے۔

Load Next Story