صدر زرداری سب سے پہلے ایوانِ صدر کو غسلِ جمہوریت دیں گے عرفان صدیقی
عارف علوی نے 5 سال میں تمام جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو کچل ڈالا اور ایوان صدر کو بنی گالہ بنایا، لیگی سینیٹر
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری ایوانِ صدر جانے کے بعد سب سے پہلے اُسے غسلِ جمہوریت دیں گے۔
اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق صدر عارف علوی نے ساڑھے پانچ سال کے دوران جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو بُری طرح کچلا اور ایوانِ صدر کے تقدس کو پامال کیا۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری دوسری بار پاکستان کے صدر منتخب، حلف برداری کل ہوگی
سینیٹرعرفان صدیقی نے مزید کہا کہ صدر فضل الہی چوہدری، صدر فاروق لغاری، صدر رفیق تارڑ، صدر ممنون حسین اور صدر آصف علی زرداری سب کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا لیکن اُنہوں نے ایوانِ صدر کو جماعتی مفادات سے آلودہ نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مگر صدر علوی نے ایوانِ صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ صدر زرداری جمہوری روایات کو مستحکم کریں گے اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لئے نہایت تعمیری کردار ادا کر یں گے۔