ایف بی آر کی ممبران کو ٹیکس اہداف یقینی بنانے کی ہدایات

درآمدات میں کمی سے رواں سہہ ماہی وصولیوں میں کمی ہوئی،اجلاس میں بریفنگ

درآمدات میں کمی سے رواں سہہ ماہی وصولیوں میں کمی ہوئی،اجلاس میں بریفنگ—فوٹو: فائل

ایف بی آر کی ممبران کو ٹیکس اہداف یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )کی بورڈ ان کونسل نے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز اور ممبر کسٹمز آپریشنز کو رواں مالی سال 2023-24 کی تیسری اور چوتھی سہہ ماہی کے ٹیکس اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور آئندہ مالی سال 2024-25 کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال اور جائزہ لینے کے بعد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ملک امجد زبیر ٹوانہ کی زیر صدارت ہونے والے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے حالیہ اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران ایف بی آر کی طرف سے حاصل کردہ ٹیکس وصولیوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔


اس دوران ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر اور ممبر کسٹمز آپریشنز ڈاکتر فرید اقبال قریشی نے رواں مالی سال میں حاصل ہونیوالی ٹیکس وصولیوں بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی دو سہہ ماہیوں کے دوران ایف بی آر نے نہ صرف ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کیے ہیں بلکہ وصولیاں مقررہ اہداف سے زیارہ رہی ہیں اور کوشش ہے کہ رواں سہہ ماہی(جنوری تا مارچ 2024) کیلئے بھی مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ درآمدات میں کمی کی وجہ سے رواں سہہ ماہی میں ٹیکس وصولیوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے لیکن توقع ہے کہ رواں ماہ (مارچ) کے دوران ٹیکس وصولیوں میں خاطر خواہ گروتھ ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے دونوں ممبران کو ہدایت کی ہے کہ رواں سہہ ماہی کیلیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے اور جہاں جہاں ٹیکس لیکج ہورہی ہے اسے روکا جائے اور ٹیکس واجبات کی ریکوری کی جائے۔
Load Next Story