کراچی اولڈ پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی تمام ریکارڈ جل گیا

آگ لگنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا

فوٹو : فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

صدر پاسپورٹ آفس کے عقب میں اولڈ پاسپورٹ آفس میں آگ لگنے سے ریکارڈ روم میں رکھا تمام پرانا ریکارڈ جل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاسپورٹ آفس کے عقب میں اولڈ پاسپورٹ آفس میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں اور ایک اسنارکل موقع پر پہنچ گئیں جبکہ مددگار 15 پولیس، 1122 اور چھیپا ریسکیو کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، ایک گھنٹے مزید کولنگ کا عمل جاری رہا۔

صدر فائر اسٹیشن کے انچارج نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جس عمارت میں آگ لگی وہ پاسپورٹ آفس کا ریکارڈ روم تھا جہاں پاسپورٹ کا پرانا ریکارڈ رکھا ہوا تھا، آگ لگنے کے باعث ریکارڈ روم میں موجود تمام ریکارڈ اور قریب میں کھڑی ایک پرانی گاڑی بھی جل گئی، آتشزدگی کے باعث خستہ حال عمارت کی ٹین کی چھتیں بھی گر گئیں، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مددگار 15 پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ جس عمارت میں پاسپورٹ آفس کا ریکارڈ روم ہے وہاں کوئی چوکیدار نہیں ہوتا تھا بلکہ اس عمارت میں ہیروئن کا نشہ کرنے والوں نے اپنا اڈا بنایا ہوا تھا۔


انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو ہفتے قبل انہیں اطلاع موصول ہوئی تھی کچھ لوگ مذکورہ عمارت میں گھسے ہوئے ہیں جب پولیس وہاں پہنچی تو کچھ ہیرونچی بوروں میں کاغذ جمع کر کے رکشے میں رکھ کر لے جا رہے تھے ان تمام افراد کو رکشا سمیت پولیس نے حراست میں لے کر پریڈی تھانے کے حوالے کر دیا تھا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ شبہ ہے کہ گزشتہ شب بھی نشے کے عادی افراد یہاں نشہ کر رہے تھے اور ماچس وغیرہ جلانے پر آگ لگ گئی، آگ لگنے پر نشہ کرنے والے تو فرار ہوگئے لیکن ریکارڈ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔

اسی طرح، کورنگی مچھلی موڑ سیکٹر 51 ڈی میں واقعے ایک گھر میں آگ لگی جس کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق آتشزدگی کے باعث فرنیچر اور دیگر گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔
Load Next Story