وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا تقرری کا نوٹی فکیشن جاری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اراکین سے حلف لیا


ویب ڈیسک March 11, 2024
فوٹو : پی آئی ڈی

19 رکنی وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں حلف اٹھالیا، صدر مملکت آصف زرداری نے ان سے حلف لیا، جس کے بعد تقرریوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نئی وفاقی کابینہ کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے کابینہ سے حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں : عوام مہنگائی میں پِس رہے ہیں اوراشرافیہ کو سبسڈیز دی جارہی ہیں، وزیراعظم

حلف اٹھانے والوں میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، امیر مقام، اویس لغاری، جام کمال، سالک حسین، ریاض پیر زادہ، رانا تنویر، محسن نقوی، خالد مقبول صدیقی، شیزا فاطمہ، عطااللہ تارڑ، قیصر شیخ، احد چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب شامل ہیں۔

حلف برداری کے بعد پہلے مرحلے میں وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، وزارت توانائی، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت داخلہ کے قلم دان سونپے جائیں گے جبکہ وزارت اطلاعات، وزارت نجکاری اور دیگر اہم وزارتوں کے وزراء بھی مقرر کیے جائیں گے۔ وفاقی وزرا کو ابتدائی مرحلے میں اضافی وزارتیں بھی دی جائیں گے۔

کابینہ ڈویژن نے 19 رکنی وفاقی کابینہ کے تقرر کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں اراکین کو محکمے تفویض کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق خواجہ آصف،احسن اقبال، رانا تنویر، اعظم نذیر تارڑ، چودہری سالک حسین،علیم خان، جام کمال، امیر مقام،اویس لغاری،عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی،قیصر شیخ اور ریاض پیرزادہ وفاقی وزیر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان اہم ملاقات

نوٹی فکیشن کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار اور مصدق ملک بارہ مارچ کوسینٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجودوفاقی وزیررہیں گے۔

اسی طرح نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ آرٹیکل 91 کی شق 9 کےتحت محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور محسن نقوی کو بھی وفاقی وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق شزافاطمہ خواجہ کو وزیرمملکت مقررکردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں مزید لکھا گیا ہے کہ صدرمملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر کابینہ ارکان کی منظوری دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں