ایپل کی آئی او ایس کی نئی اپ ڈیٹ جاری کرنے کی تیاری

اپ ڈیٹ کا مقصد سافٹ ویئر بگز اور سیکیورٹی کمزوریوں کو دور کرنا ہے

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 17.4.1 کی تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس کا مقصد سافٹ ویئر بگز اور سیکیورٹی کمزوریوں کو دور کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق فی الحال یہ بات مبہم ہے کہ کمپنی کی جانب سے آئی او ایس 17.4.1 کب متعارف کیا جائے گا۔ البتہ، امید کی جارہی ہے کہ یہ اپ ڈیٹ اس ہفتے یا آئندہ ہفتے متعارف کرا دی جائے گی۔

دوسری جانب اس متعلق بھی بتایا جارہا ہے کہ کمپنی آئی او ایس 17.5 کی اندرونی آزمائش کر رہی ہے اور جلد ہی اس آئی او ایس ورژن کا بِیٹا ٹیسٹنگ کے لیے متعارف کرایا جانا متوقع ہے۔


واضح رہے گزشتہ ہفتے ایپل نے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 17.4 ورژن متعارف کرایا تھا۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس اپ ڈیٹ میں آئی میسج کی سیکیورٹی اور پوڈ کاسٹ ایپ میں واضح تبدیلیوں کے ساتھ 118 نئے ایموجی پیش کیے گئے تھے۔

ساتھ ہی اس اپ ڈیٹ میں یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکٹنگ ایکٹ (ڈی ایم اے) کے پیشِ نظر متعدد دیگر تبدیلیاں بھی پیش کی گئی تھیں۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو جلد بیٹری ختم ہوجانے کی شکایات کا سامنا تھا۔
Load Next Story