سرکاری نرخ نامے کی دھجیاں گائے اور بچھیا کے گوشت کی قیمت میں اضافہ

بیمار جانوروں کو دکانوں پر ہی غیرقانونی طور پر ذبح کرکے فروخت کیا جارہا ہے جبکہ پریشر والے گوشت کی فروخت بھی عام


Business Reporter March 12, 2024
نرخ نامے میں گائے کا گوشت 795 روپے اور635روپے کلو(ہڈی کیساتھ)مقرر، گائے کا گوشت 900سے 1100روپے کلو فروخت ۔ فوٹو: فائل

رمضان کی آمد کے ساتھ ہی قصابوں نے گائے اوربچھیا کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

سرکاری نرخ نامہ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے شہر بھر میں گائے بچھیا کا گوشت سرکاری نرخ سے 200سے 300روپے کلو زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے، شہر بھر میں بیمار جانوروں کو دکانوں پر ہی غیرقانونی طور پر ذبح کرکے فروخت کیا جارہا ہے جبکہ پریشر والے گوشت کی فروخت بھی عام ہے جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

تاہم شہری انتظامیہ اور سندھ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے آنکھیں بند کررکھی ہیں، کمشنر کراچی نے گائے کے گوشت کی قیمت 795 روپے (بغیر ہڈی) اور 635روپے کلو (ہڈی کے ساتھ)مقرر کی ہے تاہم شہر بھر میں گائے کا گوشت 900سے 1100روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

بچھیا کے گوشت کی سرکاری قیمت 950روپے (بغیرہڈی) اور (ہڈی کے ساتھ) 800روپے کلو مقرر ہے تاہم شہر بھر میں بچھیا کا گوشت بغیر ہڈی 1300سے 1400روپے کلو جبکہ ہڈی کے ساتھ 1100روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں