لاہور میں آئی ٹی سٹی سمیت کئی بڑے منصوبوں کا اعلان

عالمی سطح کی بڑی یونیورسٹیوں اور کمپنیوں کو کیمپسز اور دفاتر بنانے کی دعوت، مریم نواز نے ہدایات جاری کردیں


ویب ڈیسک March 12, 2024
(فوٹو: فائل)

پنجاب کے دارالحکومت میں آئی ٹی سٹی سمیت کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہر میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی منظوری دے دی۔


لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی منصوبوں کا آغاز جلد ہوگا۔ علاوہ ازیں مائیکروسافٹ،اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کے لیے آمادگی ظاہر کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو دفاتر بنانے کے لیے مدعو کرنے کی ہدایت کی ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔ انہوں نے ایجوکیشن سٹی میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کے لیے فوری رابطوں کی ہدایت جاری کردی ہے۔


مریم نوازشریف نے لاہور نالج پارک اورآئی ٹی سٹی کے قیام کے لیے پلان کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔ علاوہ ازیں لاہور میں فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ شہر میں 10 مقامات پر فری وائی پراجیکٹ کا آغاز 2 ہفتے میں کردیا جائے گا۔ لاہور میں 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، ائرپورٹ،ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ پر ترجیحاً فری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔


بڑے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں سی ای اوسی بی ڈی عمران امین نے آئی ٹی سٹی اورلاہورنالج پارک پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیر پرویز رشید،وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آر،چیئرمین پی اینڈڈی،سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،سی او آؤ برگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ ڈی جی ایل ڈی اے،چیئرمین پی آئی ٹی بی اوردیگرمتعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں