کراچی سنگین مقدمات جعلی ویزے میں مطلوب 4 ملزمان گرفتار

ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکینگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا

ملزمان نے سوئٹرز لینڈ کے جعلی ویزے حاصل کیے:فوٹو:ایکسپریس نیوز

جعلی ویزے اور سنگین مقدمات میں مطلوب 4 ملزمان کو کراچی ائیرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سنگین مقدمات اور جعلی ویزے میں مطلوب 4 ملزمان سہیل انجم، محمد اشرف، عبدالعزیز اور محمد سرور کو گرفتار کرلیا۔


ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھے اور ان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت بھی مقدمات درج ہیں۔ ملزم سہیل انجم کو یو اے ای سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔ملزم کا تعلق سوات سے ہے اور اس کے خلاف 2012 میں صدر پولیس اسٹیشن چکوال میں مقدمہ درج تھا۔

نارووال سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد اشرف کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف رواں سال تھانہ شاہ غریب ناروال میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ملزم عبدالعزیز اور محمد سرور کے پاسپورٹ پر سوئٹزر لینڈ کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔ ملزمان نے جنیوا میں رہائش پذیر ایجنٹ سے 35 ہزارروپے فی کس کے عوض ویزے حاصل کیے تھے۔ ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔
Load Next Story