جو بھی ہے جس نے بھی کیا ہے لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے پی ٹی اے سے مفصل اور واضح جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی


ویب ڈیسک March 13, 2024
(فوٹو: فائل)

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ جو بھی ہے جس نے بھی کیا مگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔


دوران سماعت پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے وکیل نےعدالت سے تیاری کے لیے وقت مانگ لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر کیا ہوا؟ وہاں تو توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی تھی، جس پر وکیل نے بتایا کہ توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔


عدالت نے پی ٹی اے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر واضح جواب جمع کرائیں۔ عدالت کو بتایا جائے کہ دراصل ہو کیا رہا ہے۔ پی ٹی اے وکیل نے بتایا کہ ہمارا اس درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو بھی ہےجس نے بھی کیا ہے لیکن ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں بھی ڈھیلا ڈھالا ہی کام چل رہا ہے۔اسی لیے آپ کو کہا ہے کہ اس عدالت میں مفصل جواب جمع کرائیے گا۔ وکیل نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ابھی جواب تو آنے دیں، اپنے ہتھیار پہلے ہی نہیں دکھا دیے جاتے۔ اسی لیے زیادہ لمبی تاریخ نہیں دے رہا اور جلدی جواب طلب کر رہا ہوں۔


بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں