پاکستانی اداکارہ امر خان کو اپنا انٹرویو مہنگا پڑ گیا
اپنے ساتھ منسلک ہر شخص کا احترام کرتی ہوں اور کسی کو بھی نیچا نہیں دکھانا چاہتی تھی، اداکارہ
پاکستانی اداکارہ امر خان کو اپنا نیا انٹرویو مہنگا پڑ گیا اور انہوں نے اس پر وضاحت جاری کردی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اسٹوری میں میڈیا اداروں سے درخواست کی کہ وہ ان کے حالیہ انٹرویو کے ویڈیو کلپس شیئر نہ کریں۔
امر خان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انٹرویو میں جذبات کی رو میں بہہ کر انہوں نے انتہائی ذاتی باتیں بھی شیئر کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ منسلک ہر شخص کا احترام کرتی ہیں اور وہ کسی کو بھی نیچا نہیں دکھانا چاہتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : شوبز میں آنے کے بعد والد سے کبھی بات چیت نہیں کی، امر خان
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی غلطی سے سبق سیکھ لیا ہے چناں چہ ان کے انٹرویو کو غلط انداز میں پیش نہ کیا جائے۔