پنجاب پولیس کو مطلوب 3 مطلوب ملزمان متحدہ عرب امارات سے گرفتار

ملزمان کی شناخت سلطان، بلال ندیم اور علی شیر کے ناموں سے ہوئی، دو ملزمان قتل اور ایک فراڈ کے مقدمے میں اشتہاری تھا

فوٹو ایکسپریس

پنجاب پولیس نے تین خطرناک اشتہاری اور مطلوب ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے بیرون ملک میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے مزید تین ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق سلطان خان نامی اشتہاری ڈی جی خان پولیس کو 2021ء سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا جبکہ دوسرا ملزم علی شیر فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا جس نے گزشتہ برس شہری کو گولی مار کر قتل کیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تیسرا گرفتار ہونے والا اشتہاری ملزم بلال ندیم ہے جو سیالکوٹ پولیس کو فراڈ کے مقدمے میں مطلوب ہے۔


پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کروا کر تینوں ملزمان کو گرفتار کیا اور اسپیشل آپریشنز سیل نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزمان کی متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقلی کروائی۔

پولیس ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر چمن شہزاد کی قیادت میں اسپیشل آپریشن سیل کی ٹیم تینوں اشتہاریوں کو لے کر پاکستان روانہ ہوگئی ہے اور انہیں اگلے چند گھنٹوں میں لاہور ایئرپورٹ پہنچا دیا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے مطابق مذکورہ گرفتاریوں کے بعد رواں برس بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی۔

اُدھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خطرناک اشتہاریوں کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل ٹیم کو شاباش دی اور اُن کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
Load Next Story