ایان اورانابیہ خالہ کے حوالے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

جوڈیشل مجسٹریٹ نے نارتھ ناظم آباد کے کم سن بہن بھائی کے مبینہ اغوا سے متعلق مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

کمسن بہن بھائی کو پولیس نے بڑی خالہ کے حوالے کردیا

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے نارتھ ناظم آباد سے بہن بھائی ایان اور انابیہ کے مبینہ اغوا سے متعلق مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے دونوں بچوں اور خالہ فرحین ناز عرف سونیا کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ فرحین ناز عرف سونیا بچوں کو متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہیں لے جاسکتی۔ ایس ایس پی سینٹرل کسی افسر کو فوری تعینات کریں جو فرحین عرف سونیا کے گھر کا پتا کرے۔ پولیس افسر یقینی بنائیں کے بچوں کو کسٹڈی متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نا جائے۔ پولیس افسر ہر ہفتے رپورٹ عدالت میں جمع کرائے۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کرایا جائے اور انہیں صرف اس مقصد کے لیے متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر جانے کی اجازت ہے۔ عدالتی احکامات عمل درآمد کے لیے ایس ایس پی سینٹرل کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ بچوں نے بیان میں بتایا کہ ان کی خالہ بینش اور خالو کا رویہ ظالمانہ تھا، بچوں نے بتایا کہ وہ اپنی خالہ فرحین ناز عرف سونیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دونوں بچوں کے والدین راشد اور شمائلہ کی 2015 میں علیحدگی ہوگئی تھی، بچوں کی والدہ یو اے ای میں ہیں اور کبھی کبھار بچوں سے ملنے آتی ہیں۔


حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ علیحدگی کے بعد والد نے بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ بچوں کی کسٹڈی ان کے والد کا حق ہے، تاہم والد کی جانب سے ماضی میں ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ بچوں نے کہا کہ وہ اپنی خالہ فرحین عرف سونیا کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے حکم دیا کہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کروایا جائے،اور بچوں کو صرف تعلیم کیلیے متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر جانے کی اجازت ہے۔ عدالت بچوں کی عارضی کسٹڈی خالہ فرحین عرف سونیا کے حوالے کرتی ہے۔ بچوں کی خالہ دونوں بچوں کی کسٹڈی کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرائے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے 2 کم عمر بہن بھائی 12 مارچ کی رات کولاپتا ہوئے تھے۔ بچوں کی والدہ کا مؤقف تھا کہ بچے رات 11 بجے برگر لینے نکلے تھے واپس نہیں آئے، تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے دونوں بہن بھائیوں کی واپسی کی سوشل میڈیا پر تصدیق کردی تھی۔

اپنے بیان میں والدہ شمائلہ ناز کا کہنا تھا کہ جو لوگ بچوں کو لے کر گئے تھے وہی حیدری میں چھوڑ کر گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ شوہر سے 9 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، شوہر نے دوسری شادی کرلی ہے۔ وہ دبئی شفٹ ہوگئی ہیں، بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں والدہ کے پاس چھوڑا ہوا تھا۔
Load Next Story