پاکستان میں انسانی ترقی کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان 161 جب کہ بنگلادیش 129 اور بھارت 132 ویں نمبر پر ہے


ویب ڈیسک March 14, 2024
اقوام متحدہ کے ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان 161 جب کہ بنگلادیش 129 اور بھارت 132 ویں نمبر پر ہے، فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی انسانی ترقی کے اشاریہ 2024 فہرست میں پاکستان 0.544 پوائنٹس کے ساتھ 161 ویں نمبر پر ہے جو 2023 کے مقابلے میں بہتر ہے۔ اس فہرست میں 191 ممالک شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس اس فہرست میں 0.540 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان 164 ویں نمبر پر تھا تاہم رواں برس پاکستان اپنا 2013 سے 2021 کے دوران والا 161 واں نمبر واپس لینے میں کامیاب رہا۔

خیال رہے کہ اس فہرست کی تیاری کے لیے صحت، تعلیم اور آمدنی کے انڈیکس کو استعمال کیا جاتا ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں سری لنکا سرفہرست ہے جس کا فہرست میں عالمی نمبر 73 واں ہے۔

جنوبی ایشیائی ممالک میں سری لنکا کے بعد بنگلادیش (129) اور بھارت (132) کا نمبر آتا ہے۔ افغانستان اس فہرست میں 180 ویں نمبر پر ہے جب کہ نیپال 143 ویں نمبر پر کھڑا ہے۔ آخری نمبر یعنی 191 پر جنوبی سوڈان ہے۔

اس طرح فہرست میں اوّل نمبر پر سوئٹزرلینڈ جب کہ ناروے دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد آئس لینڈ اور ہانگ کانگ کی باری آتی ہے۔

یو این ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس کا کہنا ہے کہ دنیا وبائی امراض کے بعد کی سست روی سے صحت مندی کی جانب گامزن ہے لیکن امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں