سندھ حکومت کا منشیات کی روک تھام کیلیے نارکوٹکس یونٹ فعال کرنے کا فیصلہ

وزیر نارکوٹکس کا آئندہ ہفتے سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور ایکشن شروع کرنے کا بھی اعلان، افسران کو ہدایات جاری


ویب ڈیسک March 14, 2024
فوٹو فائل

 

حکومت سندھ نے منشیات کی روک تھام کیلیے محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل طور فعال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ ہفتے سے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سنیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفترکا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے دفتر اور حکام سے مسائل سے متعلق معلومات لی اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض حسن کھوسو اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو محکمے کی کارکردگی کے حوالےسے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا انٹیلیجنس یونٹ مکمل طور فعال کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل طور پر فعال کرکے بروئے کار لایا جائے اور آئندہ ہفتے سے سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئس، ہیروئن، چرس، افیم، کچی شراب، سمیت تمام اقسام کی منشیات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، کراچی میں نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کے 16 ٹیمیں فعال کی جائیں اور محکمہ ایکسائز کے جانباز نوجوانوں کو ان ٹیموں میں شامل کیا جائے۔

اجلاس میں گاڑیوں کی ری نیوئل کو ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی سے مشروط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ بھی تجویز دی گئی کہ گاڑیوں کے لئے روٹ پرمٹ کو بھی ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے باہمی تعاون کے لئے سیکریٹری ایکسائز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو خط لکھیں اور تمام صورت حال سے آگاہ کریں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں میں پچاس فیصد گاڑیاں کمرشل ہیں۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والے سرکاری محکموں سے بھی رابطے کئے جائیں، ٹیکس نادہندہ تمام گاڑیوں کو تحویل میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بغیر رجسٹریشن کوئی بھی گاڑی شوروم سے نہیں نکلے گی، جلد قانون میں ترمیم کرکے نئی قانون سازی کی جائے گی۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز میں افسران کو دیئے گئے اضافی چارجز کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ جن افسران کو اضافی چارجز دیے گئے اُن سے فوری طور پر وہ واپس لینے کی بھی ہدایت کردی۔

انہوں نے کچے شراب کے اڈوں کے خلاف بھی کارروائی اور کچے شراب سے ہونے والے جانی نقصانات کے روک تھام کے لئے بھی اقدامات کی ہدایات دیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں