وزیراعظم کی وفاق میں پنجاب طرز پر دانش بورڈنگ اسکول قائم کرنے کی ہدایت

وفاقی وزارت تعلیم نے وزیراعظم کی ہدایت پر منصوبہ بندی کا عمل شروع کردیا ہے


ویب ڈیسک March 14, 2024
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت تعلیم نے منصوبہ بندی شروع کردی ہے—فائل/فوٹو : سرکاری میڈیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارت تعلیم کو پسماندہ طبقے کے لیے پنجاب طرز پر جدید ترین دانش بورڈنگ اسکول قائم کرنے کی ہدایت کردی اور وزارت تعلیم نے منصوبہ بندی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ابتدائی طور پر اسکولز کا ڈیزائن اور نصاب، معیار پر اسٹیک ہولڈرز، معلمین، ماہرین اور کمیونٹی کے نمائندگان کو آن بورڈ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ان تمام اقدامات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مجوزہ بورڈنگ اسکول اپنے طلبہ کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرتا ہو، جدید ترین بورڈنگ اسکول کا قیام تمام شہریوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہو گا۔

وفاقی دارالحکومت میں دانش اسکول کے قیام کا مقصد ذہین طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ درجے کی فیکلٹی فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعظم کی ہدایت ملک میں موجود تعلیمی تفاوت دور کرنے اور معاشرے کے تمام طبقات میں ہنر کو فروغ دینے کے لیے حکومتی منصوبے کا حصہ ہے اور یہ پروجیکٹ نصاب میں جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کو ترجیح دے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ طلبہ ڈیجیٹل دور میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں اور علم سے لیس ہوں۔

مزید بتایا گیا کہ مجوزہ بورڈنگ اسکول نہ صرف تعلیمی مواقع فراہم کرے گا بلکہ ایک تربیت کا ماحول بھی میسر ہوگا جہاں طالب علم ترقی کی راہ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں