سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹریفک حادثے میں زخمی
تھریمانے مذہبی یاترا کے لیے جارہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی اُن کی کار سے ٹکرائی، حالت خطرے سے باہر
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لاہیرو تھریمانے کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سابق کپتان سری لنکا کے شمالی علاقے کے وسطی شہر انورادھا پور کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے۔
ٹریفک حادثے میں ایک اور مسافر بھی زخمی ہوا ہے، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
رپورٹ کے مطابق تھریمانے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ضروری ٹیسٹ اور طبی امداد کے بعد اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دے دیا ہے تاہم اُن کے زخموں کی نوعیت کے حوالے سے کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ تھریمانے مذہبی یاترا کے لیے جارہے تھے کہ راستے میں اُن کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، خوش قسمتی سے وہ گاڑی میں اکیلے ہی سفر کررہے تھے۔
عینی شاہدین نے کہا ہے کہ سابق کپتان کی گاڑی کو حادثہ مخالف سمت سے تیز رفتاری کے ساتھ آنے والی گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔ جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں ہیں۔