کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ’’کیتھے پیسیفک‘‘ نے فلائٹ آپریشن بند کردیا

کسی بھی ایئرلائن نے فضائی آپریشن بند نہیں کیا،خلیجی پروازیں بھی شیڈول کے مطابق ہیں، ترجمان سول ایوی ایشن


ویب ڈیسک June 11, 2014
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہمارے ماہرین صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، کیتھے پیسیفک فوٹو: فائل

کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد بین الاقوامی ہوائی کمپنی کیتھے پیسیفک نے اپنا فلائٹ آپریشن بند کردیا جبکہ ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے کسی بھی ایئرلائن کا فضائی آپریشن بند نہیں ہوا۔

کیتھے پیسیفک کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پرباضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ان کے ماہرین صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور کمپنی نے بینکاک سے کراچی جانے والی اپنی تمام پروازیں بند کردی ہیں اس لئے وہ اپنے مسافروں سے گزارش کرتے ہیں کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل پرواز سے متعلق جانچ پڑتال کرلیں۔

دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایئرلائن نے فضائی آپریشن بند نہیں کیا جبکہ کیتھے پیسیفک کا کارگو اورمسافر فضائی آپریشن بھی معمول پر ہےاور خلیجی پروازیں بھی شیڈول کے مطابق آپریٹ ہورہی ہیں۔


واضح رہے کہ رواں ہفتے دہشت گردوں نے دو مرتبہ کراچی ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا، اتوار کو کئے گئے حملے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد بھی مارے گئے تھے دوسری جانب دہشت گردوں نے منگل کو بھی اے ایس ایف کے کیمپ کے قریب فائرنگ کی تھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں