ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج دادو میں درجہ حرارت 49 تک جا پہنچا

لاہور45، کراچی36، پشاور44، کوئٹہ35 اور اسلام آباد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا


ویب ڈیسک June 11, 2014
جنوب میں سمندری طوفان کے باعث دو دن بعد گرمی کی حالیہ شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات، فوٹو:فائل

ملک کے بیشتر حصوں میں سورج آج بھی سوا نیزے پر رہا اور صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک جا پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ گرمی سندھ میں پڑی جہاں دادو میں درجہ حرات 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ جیکب آباد47،سکھر46، لاڑکانہ45، حیدرآباد39 اورکراچی میں پارہ 36 ڈگری پر رہا۔ صوبہ بلوچستان بھی آج گرمی کی لپیٹ میں رہا جہاں سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی اور درجہ حرارت 48 ڈگری تک جا پہنچا۔

پنجاب کو بھی آج گرمی نے اپنی لپیٹ میں لیے رکھا جہاں سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر میں 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ بہاول نگر اور جہلم میں 46،سیالکوٹ،رحیم یارخان اور لاہور میں 45،میانوانی 47 جبکہ فیصل آباد اور ملتان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں آج درجہ حرارت 44 رہا جبکہ مظفرآباد میں 40،کوئٹہ 37 اور گلگت میں 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا موسم بھی آج گرم رہا جہاں پارہ 41 ڈگری تک جا پہنچا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سے 710 کلو میٹر جنوب میں سمندری طوفان بن رہا ہے جس کا رخ عمان کے ساحلی علاقوں کی طرف ہے تاہم سمندری طوفان سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے باعث دو دن بعد گرمی کی حالیہ شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور جمعہ سے اتوار کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بھی شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے جبکہ اس درمیان شمالی علاقے بھی شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں