پختونخوا میں جدید طریقے سے دل کی سرجری کا آغاز پہلا آپریشن کامیاب

چھوٹے کٹ سرجری میں مریض کو تکلیف کم اور زخم جلدی ٹھیک ہونے کی امید ہوتی ہے، ماہرین


ویب ڈیسک March 15, 2024
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چھوٹے کٹ کے ذریعے دل کی سرجری کا آغاز کردیا گیا (فوٹو: اسکرین گریب)

خیبر پختونخوا میں جدید طریقے سے دل کی سرجری کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں کیا گیا پہلا آپریشن کامیاب ہوگیا۔


دل کی سرجری میں بڑے کٹ اور زخم سے ڈرنے والے مریضوں کے لیے خوشخبری ہے کہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چھوٹے کٹ کے ذریعے دل کی سرجری کے جدیدطریقہ علاج کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی طرز علاج کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے کارڈیک سرجری ٹیم نے کامیاب آپریشن کیا۔


کارڈیک سرجن اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق کے مطابق مینیمل اینویزو یا چھوٹے کٹ سرجری میں سینے کی ہڈی کو پورا نہیں کاٹنا پڑتا جو عموماً دل کی سرجریز میں ہوتا ہے۔ چھوٹے کٹ کی سرجری میں مریض کے لیے کم تکلیف دہ اور زخم جلدی ٹھیک ہونے کی امید ہوتی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ کار میں مریض جلد صحتیاب اور روزمرہ کی زندگی جلدی شروع کر سکے گا۔ یہ جدید طریقہ علاج والو سرجری،بائی پاس اور دل میں سوراخ والی سرجریز کے لیے استعمال ہوگا۔


کاردیک سرجری پی آئی سی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالناصر نے بتایا کہ چھوٹے کٹ سرجری میں انفیکشن کے امکانات کم ہوں گے جو اہم بات ہے۔چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی معیار کا علاج یہاں کے شہریوں کو بہ آسانی میسر ہو۔ پی آئی سی نے امراض قلب کے کئی جدید طریقہ علاج متعارف کروائے ہیں، جو قابل فخر بات ہے۔ چھوٹے کٹ کی سرجری سے نہ صرف کے پی کے بلکہ افغانستان کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں