عراق کے شمالی شہر موصل میں قائم ترکی کے قونصل خانے پر عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے قونصل جنرل سمیت 40 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شمالی حصے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ایک ہفتے کے دوران عسکریت پسندوں نے موصل، صلاح الدین اور دیگر شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے علاقوں کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ تازہ کارروائی میں بھاری ہتھیاروں سے مسلح عسکریت پسندوں نے ترکی قونصل خانے پر چڑھائی کرتے ہوئے قونصل جنرل سمیت 3 بچوں اور ترک اسپیشل فورسز کے کمانڈوز کو یرغمال بنا لیا۔
ترک میڈیا کے مطابق وزیراعظم رجب طیب اردوان نے عراق میں قونصل خانے پرعسکریت پسندوں کے قبضے کے فوری بعد ہنگامی اجلاس طلب کرکے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے حالات کو مدنظررکھتے ہوئے فوری طورپر ہنگامی حالت کا نفاذ کیا جائے۔