جج کی بیوی کے تشدد کا شکار رضوانہ کے بازو کا کامیاب آپریشن

رضوانہ کے بازو کا لاہور جنرل ہسپتال میں آپریشن ہوا، بچی نے زخمی بازو سے معمول کے مطابق کام شروع کردیے

بچی کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

گھریلو تشدد کا شکار ملازمہ بچی رضوانہ کے بازو کا لاہور جنرل ہسپتال میں کامیاب آپریشن ہوگیا، متاثرہ بچی نے زخمی بازو سے معمول کے مطابق کھانا شروع کردیا۔

سرگودھا کی رہائشی رضوانہ کی بہن سونیا کا کہنا ہے کہ وہ جب سرگودھا سے اپنی بہن کو لے کر لاہور جنرل ہسپتال آئی تو اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی اور جسم پر چوٹوں کے نشانات موجود تھے، ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد رضوانہ کے علاج و معالجے کیلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا، جس میں مختلف شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا۔

ادھر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے وفد نے بھی رضوانہ سے ملاقات کی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی رکن اور چائلڈپروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر بیورو کی ٹیم رضوانہ کی دیکھ بھال اور عیادت کے لئے ہسپتال میں موجود رہی۔


رضوانہ کو گزشتہ سال جولائی میں اسلام آباد کے ایک سول جج کے گھر ملازمت کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ رضوانہ کو تشویش ناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج و معالجہ کرنے کے بعد چائلڈپروٹیکشن بیورو لاہور منتقل کردیا گیا تھا۔

رضوانہ اب بھی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہی تحویل میں ہے وہ چل پھر رہی تھی تاہم بازو کام نہیں کررہا تھا، گزشتہ ماہ اسے دوبارہ ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے زخموں کی جانچ کے بعد آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صحت یابی کے بعد رضوانہ کو دوبارہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کردیا جائے گا جہاں وہ اپنی تعلیم اور ہنرمندی کاسلسلہ شروع کرسکے گی۔
Load Next Story