شہدا کی توہین کے بارے میں پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر کوئی مہم نہیں چلائی بیرسٹر سیف
لیگی قائدین نے جلسوں میں فوجی جرنیلوں کے نام لے کر فوج کےخلاف نعرے لگوائے، عطاتارڑ کے بیان پر ردعمل
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پاک فوج کیخلاف غیر ملکی اخبارات میں اشتہارات شائع کروائے اور لیگی قائدین نے جلسوں میں فوجی جرنیلوں کے نام لے کر فوج کےخلاف نعرے لگوائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن شہدا کو سیاست میں گھسیٹ کر ان کی قربانیوں کے نام پر سیاست کر رہی ہے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ملک سے عوام کی خون پسینے کی کمائی چھین کر بیرون ملک محلات بنائے۔
مشیراطلاعات خیبرپختونخوا نے لیگی رہنماؤں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47کے ذریعے جھوٹا مینڈیٹ حاصل کرکے جھوٹے عہدوں پر بیٹھ کر وزارتیں حاصل کرنے والوں کا شیوہ ہے کہ مخالفین پر جھوٹا الزامات لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک محب وطن جماعت ہے جس نے برے وقت میں پاکستان کو نہیں چھوڑا، ہم پاکستان کے شہری اور اسی سرزمین کے بیٹے ہیں، یہی پیدا ہوئے اور یہی مریں گے۔
لیگی قائدین کو نشانہ بناتے ہوئے بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم علاج کیلیے لندن بھاگنے والے اور برے وقت میں ملک چھوڑ کر بیرون ملک پناہ لینے والے لوگ نہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ شہدا کی توہین کے بارے میں پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر کوئی مہم نہیں چلائی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دیں اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عطا تارڑ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ چور وزیر اطلاعات شہدا پر سیاسی بیان بازی نہ کریں، انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 47 اور چوری کے مینڈیٹ پر حکومت کرنے والے میڈیا میں پی ٹی آئی سے متعلق افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔