پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کے امکانات روشن ہوئے ہی تھے کہ کراچی حملے کے بعد ایک مرتبہ پھر تمام امیدوں کے دیئے بجھ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پی سی بی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ حملے کے بعد آئرلینڈ کرکٹ بورڈ نے ستمبر میں طے شدہ دورہ آئرلینڈ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے ساتھ 3 ون ڈے پر مشتمل ایک روزہ میچز کی سیریز لاہور میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونا تھی جس کے حوالے سے تمام تر بات چیت مکمل کرلی گئی تھی تاہم کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی امیدیں ایک مرتبہ پھر دم توڑ گئیں۔
دوسری جانب آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان بیری چیمبر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ 2015 سے قبل ون ڈے سیریز کے لئے بات چیت آخری مراحل میں داخل ہوچکی تھی تاہم دوطرفہ سیریز حالیہ حملوں کے بعد منسوخ کردی گئی ہے جس پر مزید بات بعد میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں۔