سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مزید 500 بسوں کی خریداری کا منصوبہ بنارہی ہے جو صوبے کے مختلف شہروں کو دی جائیں گی۔
کلفٹن کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نگران دور حکومت میں ٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔ سندھ حکومت مہنگائی کے طوفان میں عوام کو جدید اور سستی ترین سفری سہولتیں دینے کے منصوبے لارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کے مزید دو روٹ شروع کئے جارہے ہیں، عید کے بعد میرپور خاص میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس کی بسوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں یومیہ ایک لاکھ سات ہزار شہری پیپلز بس سروس سے استفادہ کررہے ہیں، 18 اپریل سے آٹومیٹڈ فیئرسسٹم روٹ نمبر 1 اور روٹ نمبر 9 میں آزمائشی طور پر شروع کررہے ہیں، ریڈ لائن بی آر ٹی کیلئے روزانہ اجلاس منعقد کرکے اس منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کی کوشش جاری ہے، عید کے فوری بعد جام صادق برج پر کام شروع ہونے جارہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج سے پورے سندھ میں منشیات کے خلاف کارروائی کرنے جارہے ہیں، حکومت صوبے میں والدین کے تعاون اور مدد سے بچوں کو منشیات میں مبتلا کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے، عوام سے درخواست ہے کہ حکومت کو منشیات فروشوں سے آگاہ کریں اور والدین سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کی عادتوں پر نظر رکھیں۔
شرجیل میمن نے کہا منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن ہوگا، منشیات فروشی کے خلاف آپریشن پوری قوت سے اس کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کاشف کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور اپنے شہداء کے خلاف مہم چلانے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے بارے میں مہم سے شہداء کے لواحقین اور پاکستانی قوم کے دلوں پر کیا گزرتی ہے، اس صدمے اور تکلیف کا اندازہ کیا جانا چاہئے۔ صدر آصف علی زرداری 12 سال جیل میں رہے اور ان پر کوئی بھی جرم ثابت نہیں ہوسکا، اسد قیصر کا لیڈر مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہے، عمران خان نے اس ملک کے خلاف ہر فورم پر سازش کی ہے۔