طارق روڈ پر وین میں 8 لاکھ کی ڈکیتی مزاحمت پر دو زخمی کورنگی میں شہریوں نے ڈاکو مارڈالا

ڈکیت لوگوں سے بچتا ہوا زمان ٹاؤن تھانے میں داخل ہوگیا جسے ہجوم نے پکڑلیا، نامعلوم شہری کی فائرنگ سے ہلاک


Staff Reporter March 19, 2024
(فوٹو : فائل)

طارق روڈ پر میڈیکل سامان سپلائی کرنے والی گاڑی سے 8 لاکھ روپے چھین لیے گئے، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دو ملازمین کوزخمی کردیا، کورنگی میں شہری مبینہ ڈکیت کو زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے پکڑ کر لے گئے جو ہجوم میں کسی کی فائرنگ سے مارا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق فیروزآباد تھانے کے علاقے طارق روڈ نورانی کباب کے قریب رقم چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 27 سالہ شیراز ولد غلام مرتضیٰ اور 30 سالہ وقاص ولد زاہد اختر زخمی ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی افراد اسپتالوں میں میڈیکل سامان سپلائی کرنے کے دفتر میں ملازمت کرتے ہیں اورپی ای سی ایچ ایس میں واقع نجی بینک سے 8 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر گاڑی میں اپنے دفتر جا رہے تھے، جیسے ہی ان کی گاڑی نورانی کباب کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا اور ان سے رقم چھین لی جب کہ مزاحمت پر فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق جائے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

کورنگی میں شہریوں کے تشدد اور فائرنگ سے مبینہ ڈکیت ہلاک

زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں ایک ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا شہریوں نے مبینہ ڈکیت کو پکڑ کربدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ اس دوران ہجوم میں موجود کسی شہری نے مبینہ ڈکیت پر فائرنگ کرکے اسے مار دیا، لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی فوری طور پر ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن راؤ فیاض نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کے مطابق مبینہ ڈکیت کورنگی تھانے کی حدود میں کسی بزرگ شہری سے لوٹ مار کر رہا تھا کہ ڈکیت کے پیچھے شہری لگ گئے، ڈکیت بھاگتا ہوا زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں داخل ہو گیا جہاں شہریوں نے اسے پکڑ لیا اور اسے آہنی راڈ سے باندھنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

انھوں نے بتایا کہ مشتعل ہجوم میں موجود کسی شہری نے مبینہ ڈکیت پر فائرنگ بھی کی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، ڈکیت کے قبضے سے کوئی چیز برآمد نہیں ہوسکی، نہ ہی کوئی ایسا متاثرہ شہری پولیس کے پاس آیا جس سے ہلاک مبینہ ڈکیت نے لوٹ مارکی ہو۔

انھوں نے بتایا کہ مبینہ ڈکیت پر فائرنگ کرنے والے شہری کا بھی کچھ پتا نہیں چل سکا، ہلاک مبینہ ڈکیت کی بایو میٹرک کے ذریعے شناخت کی کوشش کی گئی لیکن ڈکیت کی انگلیوں کے پور مٹے ہوئے جس کی وجہ سے شناخت ممکن نہیں ہوسکی، پولیس کوشبہ ہے ہلاک مبینہ ڈکیت نشے کا عادی تھا۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔