رواں ماہ 2 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ری شیڈول ہونے کی توقع ہے گورنر اسٹیٹ بینک
حکومت کو مالی سال کے بقیہ تین ماہ میں 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا انتظام کرنا ہے، جمیل احمد
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران 2 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ری شیڈول ہونے کی توقع ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کو مانیٹری پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ حکومت نے مزید 4 ارب ڈالر کے قرضے رول اوور کرانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے معاشی تجزیہ کاروں سے ملاقات میں پاکستان پر رواں مالی سال قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ اور فنانسنگ کے بندوبست کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مالی سال 24 کے دوران پاکستان کو مجموعی قرضوں اور مالی ذمہ داریوں کی مد میں 24.3 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں جس میں 20.4 ارب ڈالر کے اصل قرضے اور 3.9 ارب روپے کی سودی ادائیگیاں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 13.5 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں جس میں 10.9 ارب ڈالر اصل قرض اور اس پر 2.6 ارب ڈالر کا سود ادا کیا گیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا حکومت کو مالی سال کے بقیہ تین ماہ میں 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا انتظام کرنا ہے جس میں 3.5 ارب ڈالر کے اصل قرضے اور 1.3 ارب ڈالر سود کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔