الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد اور پختونخوا سے امید واروں کی حتمی فہرستیں جاری کردیں۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ سینیٹ کی ایک جنرل اور ایک ٹینوکریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا۔ جنرل نشست پر رانا محمود الحسن اور فرزند حسین شاہ مدمقابل ہوں گے جب کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار اور راجا انصر محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر الیکشن 2 اپریل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے بھی سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق کے پی کے سے سینیٹ الیکشن کے لیے خواتین کی 2 نشستوں پر 6 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مہوش علی خان، عائشہ بانو، روبینہ ناز، بیگم طاہرہ بخاری، روبینہ خالد اور شازیہ شامل ہیں۔
اسی طرح ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں کے لیے بھی 8 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سید راشد حسین، قاضی محمد انور، وقار احمد قاضی، خالد مسعود، فضل حنان، دلاور خان، قیض خان، نور الحق قادری شامل ہیں۔
سینیٹ الیکشن کے لیے جنرل 7 نشستوں پر 18 امیدوار میدان میں ہیں جن میں عرفان سلیم ، دلاور خان مرزا محمد آفریدی، فیصل جاوید،طلحہ محمود، اظہر قاضی مشوانی، نیاز احمد، وقاص اورکزئی، فضل حنان، فیض الرحمٰن، عطا الحق، فدا محمد، شفقت ایاز، آصف رفیق، تاج محمد آفریدی اور نور الحق قادری کے نام شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔
واضح رہے کہ مراد سعید، اعظم سواتی اور سابق وزیراعلیٰ محمود خان سینیٹ کے الیکشن سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا سینیٹ انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے جنرل نشستوں پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، طلال چوہدری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ سینٹ کی 12 نشستوں کے لیے کل 21 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جا چکے ہیں، جن میں احد چیمہ، پرویز رشید، ناصر بٹ ، ولید اقبال، اعجاز منہاس، شہزاد وسیم، حامد خان، راجہ ناصر عباس، ڈاکٹر مصدق ملک، عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مصطفی رمدے کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد اور ڈاکٹر مصدق ملک کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں۔
خواتین کی مخصوص نشستوں پر فائزہ احمد، انوشے رحمان اور بشریٰ انجم بٹ کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔ اقلیتی نشست پر آصف عاشق، خلیل طاہر سندھو کے کاغذات نامزدگی بھی کرلیے گئے۔
الیکشن کمیشن پنجاب نے مجموعی طور پر سینیٹ کے لیے 7امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے ہیں۔