گوادر پورٹ اتھارٹی پر بی ایل اے کا حملہ ناکام تمام 8 دہشت گرد ہلاک دو سیکیورٹی اہلکار شہید
دہشت گردوں نے گوادرپورٹ اتھارٹی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسزنے موٴثرطریقے سے روکا،آئی ایس پی آر
دس سے زائد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کمپلیکس پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم جوابی کارروائی میں تمام 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ پاک فوج کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق آج گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی، حملے کو ناکام بنانے کے لیے فورسز نے جوابی کارروائی کی، بھاری نفری طلب کرلی، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے سبب دہشت گردوں کا سیکیورٹی کمپلیکس میں گھسنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور جوابی فائرنگ میں تمام آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا، دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جائے وقوعہ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا۔
بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 8 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسزنے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو موٴثر طریقے سے روکا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام آٹھوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا اور دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو جوان جام شہادت نوش کر گئے، 35 سالہ شہید سپاہی بہار خان کا تعلق ڈیرہ غازی خان تھا اور دوسرے شہید 28 سالہ ساپی عمران علی کا تعلق خیرپور سے جی خان سے تعلق تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا اظہار مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے کی پُر زور مُذمت کی ہے۔
انہوں نے گوادر میں فورسز کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ بہادر فورسز نے جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا، دہشت گرد عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔