امریکی کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے اپنے سی ای او کو برطرف کردیا

یہ فیصلہ ادارے کے بہترین مفاد کے لیے بڑے غور و فکر کے بعد کیا گیا، چیئرمین امریکی کرکٹ بورڈ


Zubair Nazeer Khan March 22, 2024
ڈاکٹر نورمحمد کو گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کا سی ای او بنایا گیا تھا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

امریکی کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے اپنے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ڈاکٹر نور محمد کو فوری طور پر برطرف کر دیا۔

امریکی کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا کہ ملک میں کھیل کے بہتر مفاد کے لیے ڈاکٹر نور محمد کا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے۔

امریکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین وینو پیسیکے کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بڑے غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے اور ادارے کے بہترین مفاد میں ہے، ہم امریکا میں تنظیم اور کرکٹ کی مسلسل بہتری کے لیے تبدیلیاں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ڈاکٹر نور محمد مراد اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ(اے سی بی) کے سی ای او بھی رہ چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کے سی ای او کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔

کابل میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ڈاکٹر نور محمد مراد اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے لیے خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تسلیم شدہ یو ایس اے کرکٹ قومی فیڈریشن ہونے کے ناطے امریکا میں ہر سطح پر کرکٹ کا کنٹرول، ریگولیٹ کرنا اور کھیل کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں