کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری متحدہ کے 3کارکنوں اور پولیس اہلکار سمیت مزید 13افراد قتل

متحدہ کاایک کارکن پی آئی بی کالونی،2ملیرمیں نشانہ بنے،ناظم آبادمیں کارکن کے بھائی سمیت2جاں بحق


Staff Reporter September 20, 2012
متحدہ کاایک کارکن پی آئی بی کالونی،2ملیرمیں نشانہ بنے،ناظم آبادمیں کارکن کے بھائی سمیت2جاں بحق،چاکیواڑہ وماڑی پورسے خواجہ سراسمیت2لاشیںملیں۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران پولیس انسپکٹر،متحدہ قومی موومنٹ کے3کارکنوں اورہمدردسمیت مزید13افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملیرسٹی کے علاقے غریب آبادمیں2موٹرسائیکل سوار ملزمان نے30سالہ غلام سروراور32سالہ عبدالغنی کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا اورفرارہوگئے،مقتول غلام سرورمتحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کاعلاقائی عہدیدارجبکہ عبدالغنی سرگرم کارکن تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متحدہ قومی موومنٹ کے عہدیداروں اورکارکنان کی بڑی تعدادجناح اسپتال پہنچ گئی، مقتولین غریب آباد ملیرکے رہائشی تھے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں و کاروباربند ہوگیا۔

سعودآبادکے علاقے ملت گارڈن کے قریب نامعلوم ملزمان نے27 سالہ سلمان بلوچ کوفائرنگ کر کے ہلاک کر دیااورفرارہوگئے،پولیس کے مطابق مقتول کوملزمان اغواکے بعدکارمیں اپنے ہمراہ لائے تھے اورباہرنکال کر وہیں سر اورسینے پر2گولیاں مارکرہلاک کردیا۔مقتول ملیرکے علاقے صاحب دادگوٹھ کارہائشی تھااورہوٹل میں ملازمت کرتاتھا۔ نارتھ ناظم آبادبلاکSبلال آبادمیں 2 موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے محمدیعقوب کے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 30 سالہ وحیداوراس کی بہن 27سالہ آمنہ زخمی ہوگئی،دونوں کواسپتال لے جایا گیاجہاں وحیددوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا،پولیس کے مطابق مقتول وحید کا بھائی یونٹ 175متحدہ کاکارکن ہے۔

واقعے سے کچھ دیرقبل بلاک S میں قائم ڈبو کلب پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ بہادرحسین خان،28سالہ فیصل،22سالہ جہانگیر اور18 سالہ صاحب خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال لے جایاجارہا تھا کہ کہ بہادر حسین راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا،بہادر حسین اے این پی کاہمدرد تھا۔پی آئی بی کالونی کے علاقے لیاقت بستی سندھی پاڑہ میں کریانے کی دکان پر بیٹھے 30 سالہ عمیرکو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرارہوگئے ،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا اورپریس کوارٹر مکان نمبر G-11/2 کا رہائشی تھا۔اسٹیل ٹاؤن عیدوگوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے 48 سالہ وزیرخان سواتی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

مقتول کا آبائی تعلق سوات سے تھا جہاں وہ اپنے 2 رشتے داروں کو قتل کر کے کراچی آگیا اوراسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں اپنے رشتے دار کے گھر روپوشی گزار رہاتھاکہ ملزمان نے اس کا سراغ لگالیا اور موقع پاتے ہی اسے قتل کر کے فرار ہوگئے۔گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں2گروپوںکے درمیان مورچہ بند فائرنگ کے دوران 30 سالہ عرفان ہلاک جبکہ اسی علاقے میں فائرنگ کی زد میں آکر 3 افراد داؤد ، اخلاص اور الیا س زخمی ہوگئے۔چاکیواڑہ تھانے کی حدود گلستان کالونی مندرہ محلہ بینک والی گلی کے ایک مکان سے35سالہ خواجہ سرا ثنا کی 5 روز پرانی لاش ملی،پولیس کا کہنا ہے کہ تعفن اٹھنے پر اہل محلہ نے پولیس کواطلاع دی جس نے گھر میں داخل ہو کر دیکھا تو اس کی لاش ملی،پولیس کے مطابق خواجہ سرا کو نامعلوم ملزمان نے گھرمیں گھس کر تشددکے بعد سر پر کند آلے کاوار کر کے قتل کیاتھا۔

لیاری مرزاآدم خان روڈروٹ نمبرP-1منی بس کے آخری اسٹاپ پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے22سالہ جمیل بلوچ ہلاک جبکہ اس کادوست20سالہ عتیق زخمی ہوگیا۔ہلاک وزخمی ہونے والے لیاری آٹھ چوک گلی نمبر2کی رہائشی ہیں،ہلاک و زخمی ہونے والوں کو کارسوارملزمان اپنے ساتھ لائے تھے اورکارسے نیچے اتارکردونوں پرفائرنگ کر دی ،دونوں کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے جبکہ ان کے منہ میں کپڑاٹھونسا ہواتھا۔ ماڑی پورکے علاقے حب ریورروڈپرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوارپولیس کاسب انسپکٹر38 سالہ مظہراقبال جاں بحق ہوگیا۔مقتول بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور کارہائشی تھا۔وہ گزشتہ کئی سالوں سے حب سٹی تھانے میں تعینات تھا۔

مقتول سی آئی اے تھانہ حب سٹی کاسابق ایس ایچ اوبھی تھا،مقتول حب چوکی میں ان کاؤنٹراسپیشلسٹ کے نام سے مشہورتھا،سب انسپکٹرمظہر اقبال نے دو ماہ قبل حب سٹی کے علاقے میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں وہاں کے معروف ٹرانسپورٹربشیر خضداری کوفائرنگ کر کے ہلاک کیاتھاجبکہ بی ایل اے ، بی ایس او اور بی این پے کے خلاف بھی انتہائی سرگرم تھا ۔ماڑی پورکے علاقے حب ریور روڈسے ایک شخص کی لاش ملی،پولیس نے لاش کوتحویل میں لے کراسپتال پہنچایاجہاں مقتول کی شناخت35سالہ عبد الوہاب بلوچ کے نام سے کر لی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ کارہائشی اور لیاری گینگ وارسے تعلق رکھنے والے ارشد پپو گروپ کاکارندہ تھا ۔کورنگی صنعتی ایریاگودام چورنگی کے قریب محمدابراہیم،گلشن اقبال بلاک4میں28سالہ افضل،اورنگی ٹاؤن گلشن بہارمیں18سالہ شہنشاہ جبکہ اورنگی ٹاؤن نمبر5میں منیرنامعلوم ملزمان کی فائر نگ سے زخمی ہوگئے ۔

نارتھ ناظم آباد بلاک آئی خدیجہ مارکیٹ میں موٹرسائیکل سوارملزمان نے منی جیب نمبر BD-4892پرفائرنگ کردی جس کے باعث انورحسین اور بابرزخمی ہوگئے۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے اے ون سینٹرکے قریب مکان نمبر656کی پہلی منزل پررہائش پذیرانجینیئرسکندر کے گھرپرنامعلوم ملزمان نے ہینڈکریکرسے حملہ کر دیاجس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاتاہم کوئی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کھوکھرا پار تھانے کی حدودملیر کھوکھرا پارE/1ایریا روٹ نمبرP-1 منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28سالہ دلاورزخمی ہو گیا۔دلاورملیرلاسی گوٹھ کارہائشی اورکالعدم لیاری امن کمیٹی کاسرگرم کارکن ہے۔نارتھ ناظم آبادکے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ عبد الحادی زخمی ہو گیا۔

عزیز بھٹی تھانے کی حدود ڈالمیا شانتی نگر گلی نمبر7میں واقع ایک دکان پرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے حفیظ اﷲ خان اورمجیب زخمی ہو گئے،زخمی ہونے والا حفیظ اﷲ ایک ٹانگ سے معذورہے،پولیس کے مطابق شانتی نگر کے گینگ وار کے ملزم مجید بلوچ نے دکاندار سے بھتے کی بھاری رقم نہ ملنے پراپنے کارندوں مجید بلوچ اور رضا میگوار کے ذریعے دکان پرفائرنگ کرائی،واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے ڈالمیاروڈ پر پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں