اب گھر میں اکیلا رہتا ہوں اپنے کام بھی خود کرتا ہوں آغا علی

آغا علی نے اپنے اس انٹرویو کے ذریعے نادانستہ طور پر حنا الطاف سے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی ہے


ویب ڈیسک March 24, 2024
آغا علی نے سال 2020 میں اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی : فوٹو : انسٹاگرام

پاکستانی اداکار آغا علی کے حالیہ بیان کے بعد اُن کی اور اداکارہ حنا الطاف کے درمیان علیحدگی کی خبروں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔

حال ہی میں آغا علی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام 'دی نائٹ شو' میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں میزبان ایاز سامو نے اداکار سے سوال پوچھا کہ کیا آپ گھریلو کام کرنے میں ماہر ہیں؟

اس سوال کے جواب میں آغا علی نے کہا کہ میں نے دو روز قبل ہی پہلی بار 'بیف لائم اسپاگیٹی' بنائی تھی جوکہ کافی مزیدار بنی تھی۔

آغا علی نے کہا کہ میں نے سال 2022 میں ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ مجھے اپنے گھریلو کام کے لیے کوئی ملازم نہیں چاہیے کیونکہ مجھ سے ملازم اور اپنی ٹائمنگ مینج نہیں ہو پا رہی تھیں۔

اداکار نے کہا کہ میں اب اپنے گھر میں اکیلے رہتا ہوں اور کام کے سلسلے میں 10 سے 12 گھنٹے گھر سے باہر رہتا ہوں تو اسی لیے مجھ سے ملازم کی ٹائمنگ مینج نہیں ہورہی تھی۔

مزید پڑھیں: آغا علی کا اپنی دوسری شادی سے متعلق بیان سامنے آگیا

اُنہوں نے کہا کہ اکثر یہ ہوتا تھا کہ گھر میں ملازم کام کررہا ہوتا تھا اور مجھے شوٹنگ پر جانا ہوتا تھا تو ملازم کی وجہ سے مجھے کام پر جانے میں دیر ہوجاتی تھی۔

آغا علی نے کہا کہ جب مجھ سے ٹائمنگ مینج نہیں ہوئی تو میں نے 24 گھنٹوں کے لیے ملازم رکھ لیا تھا لیکن پھر اس کی بھی اپنی زندگی ہے، اپنے مسائل ہیں، وہ اکثر چھٹی لے کر چلا جاتا تھا۔

اداکار نے کہا کہ تقریباََ 3 سال ہوگئے ہیں کہ میں نے گھر میں کھانا پکانے، کپڑے دھونے یا کسی دوسرے کام کے لیے کوئی ملازم نہیں رکھا کیونکہ میں اپنے کام خود کرتا ہوں، مجھے ہی معلوم ہوتا ہے کہ میں نے اپنی کونسی چیز کہاں رکھی ہے۔

مزید پڑھیں: آغا علی اور حنا الطاف کی علیحدگی کی خبریں ایک بارپھر سرگرم

انہوں نے مزید کہا کہ میں یوٹیوب پر کینیڈین شہریوں کے ولاگز دیکھتا ہوں جو اپنے گھر کے کام خود کرتے ہیں، کینیڈا میں میرے بہترین دوست بھی ہیں، اُن کے طرزِ زندگی سے متاثر ہوکر میں نے بھی گھر کے تمام کام خود کرنے کا فیصلہ کیا۔

آغا علی کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے ذہنوں میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ آغا علی نے اپنے اس انٹرویو کے ذریعے نادانستہ طور پر حنا الطاف سے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔




واضح رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف سال 2020 میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دنوں میں لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

سال 2022 میں حنا الطاف اور آغا علی کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جس پر جوڑے نے اپریل 2022 میں افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔