روسی کنسرٹ ہال فائرنگ میں 143 ہلاکتیں چاروں حملہ آور عدالت میں پیش

حملہ آوروں کی شناخت تاجکستان کے محمد صبیر، شمس الدین، سید اکرامی، اور دلیر دزون کے ناموں سے ہوئی

روس کے کنسرٹ ہال میں فائرنگ سے 143 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، فوٹو: انٹرنیٹ

تین روز قبل روس کے دارالحکومت کے کنسرٹ ہال میں 4 حملہ آوروں نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 143 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے تھے تاہم اب سیکیورٹی فورسز نے چاروں حملہ آوروں کو گرفتار کرکے ان کی شناخت ظاہر کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چاروں حملہ آور کنسرٹ ہال میں آگ و خون کی ہولی کھیلنے کے بعد سفید رنگ کی رینالٹ کار میں فرار ہوگئے تھے جن کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کی گئی تھی۔

روسی رکن پارلیمنٹ الیگزینڈر کھنشٹین کے بقول پولیس نے ماسکو سے تقریباً 340 کلومیٹر کے فاصلے پر برائنسک کے علاقے میں حملہ آورن کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ مقابلے میں دو حملہ آور گرفتار اور دو فرار ہو گئے۔

بعد ازاں روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے اعلان کیا کہ حملے کی تحقیقات کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں چار حملہ آور بھی شامل ہیں جب کہ بقیہ ان کے سہولت کار ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 143 ہوگئی، 11 افراد گرفتار

ان چاروں حملہ آوروں کی شناخت 19 سالہ محمد صبیر، 25 سالہ شمس الدین فریدونی، 30 سالہ سید اکرامی مرادلی، اور 32 سالہ دلیر دزون مرزویف کے سے ہوئی ہے۔ ان سب کا تعلق تاجکستان سے ہے۔

روسی سیکیورٹی فورسز نے چاروں ملزمان کو آج عدالت میں پیش کردیا جن میں سے 3 پر فرد جرم عائد کرکے چاروں کو 22 مئی تک پولیس کی کسٹڈی میں دیدیا گیا۔ ان ملزمان کو عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں حملے کے فوری بعد سب سے پہلے امریکا نے حملوں کا ذمہ دار داعش خراسان کو ٹھہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 2 ہفتوں قبل ہی روس کو اس حملے سے آگاہ کردیا تھا۔


داعش نے بھی حملے کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر چاروں نقاب پوش حملہ آورں کی تصاویر اور حملے کی ویڈیو بھی جاری کی تھیں۔

اس کے برعکس روس نے امریکا اور پھر داعش کے ان دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا بلکہ صدر ولادیمیر پوٹن نے بتایا تھا کہ حملہ آور یوکرین فرار ہونے کی کوشش کے دوران عین اُس وقت پکڑے گئے جب وہ سرحد پار کر رہے تھے۔

روس کی جانب سے یہ بیان بھی سامنے آیا تھا کہ امریکا اس حملے میں کسی کو دانستہ ملوث کرکے اپنے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن ہم تحقیقات کے مکمل ہونے تک کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں۔

آج ہی امریکا نے اپنے مؤقف کو دہرایا ہے کہ روس پر حملے نے ایک بار پھر داعش کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائی کی ضرورت کی یاد دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ امریکا نے جس داعش خراسان کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے وہ افغانستان، پاکستان، ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں اپنی خلافت قائم کرنا چاہتی ہے۔

نیو یارک میں مقیم انسداد دہشت گردی کے تجزیہ کار کولن کلارک نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش خراسان گزشتہ 2 برسوں سے روس پر کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔

تجزیہ کار کولن کلارک کے بقول داعش افغانستان، چیچنیا اور شام میں روسی فوجیوں کی کارروائی سے ناراض ہے اور صدر ولادیمیر پوتن پر مسلمانوں کا خون بہانے کا الزام عائد کرتی ہے۔

دوسری جانب یوکرین نے حملہ آروں کے یوکرین فرار ہونے یا کسی بھی طرح ملوث ہونے کے روسی الزامات کو مضحکہ خیز اور بالکل بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

 
Load Next Story