میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے وزیراعظم
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر شہباز شریف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد میں شکیل مسعود، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی اور پھر یہ سفارشات میں خود قوم کے سامنے رکھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں۔ نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حکومتی سطح پر پزیرائی کی جائے گی۔
ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، وزیراعظم
وزیراعظم نے میڈیا کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، مجھے امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز ایک بڑا چیلنج ہے جس کے روک تھام میں مین اسٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے درخواست کی کہ الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔