طلحہٰ محمود جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل
بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت آئی تھی، طلحہٰ محمود
جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) راہنما طلحہٰ محمود نے پارٹی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں طلحہٰ محمود نے کہا کہ مجھے بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت آئی تھی اور مجھے ایک ہفتہ قبل آصف زردای نے بلایا جہاں تفصیلی ملاقات ہوئی، انہوں نے بھی مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اس لیے میں اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں جب سے سیاست میں ہوں جے یوآئی کا حصہ رہا ہوں لیکن اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جو ملک کے بڑے ستون ہیں اور آج کل جو حالات ہیں سب کے سامنے ہیں، ان مشکلات سے نکلنے کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ طلحہٰ محمود سینیئر سیاستدان ہیں اور وہ آج پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں وہ بصیرت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،
پیپلزپارٹی میں انکا کردار نمایاں ہوگا اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔