انتخابی نتائج کے سرٹیفائیڈ فارمز جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب
فارمز الیکشن کمیشن نے ہی جاری کرنے ہیں آج کریں یا دس دن بعد، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے بعد انتخابی نتائج سے متعلق سرٹیفائیڈ فارمز اور دیگر دستاویزات جاری نہ کرنے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے کل تک جواب طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حالیہ عام انتخابات میں بطور رکن قومی اسمبلی حصہ لینے والے امیدواروں سلمان اکرم راجہ اور شعیب شاہین کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پٹیشنر شعیب شاہین خود ذاتی حیثیت میں جبکہ سلمان اکرم راجہ کی جانب سے وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سرٹیفائیڈ فارمز حاصل کرنا آپ کا قانونی حق ہے، جو حکم شعیب شاہین کی درخواست پر کیا ہے، سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر بھی وہی حکم ہے۔ یہ فارمز الیکشن کمیشن نے ہی جاری کرنے ہیں آج کریں یا دس دن بعد۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو کل تک جواب داخل کرنے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔