ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید بہتر ہو گئی

منگل کے روز انٹربینک میں ڈالر 278.08 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 290.67 پیسے پر بند ہوا

(فوٹو: فائل)

ڈالر کے مقابلے میں کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی قدر میں مزید بہتری آ گئی۔



سیاسی حالات میں بہتری اور اعتماد کے بعد غیرملکیوں کی دوبارہ ساکرا اکاؤنٹ کے ذریعے مارکیٹ ٹریژری بلوں، پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری رحجان اور سپلائی کی بہتر صورتحال کے باعث منگل کے روز بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔


ملک کو درپیش مالیاتی مشکلات سے نکالنے کی غرض سے حکومت کے نجکاری پلان پر تیزرفتاری کے ساتھ کام شروع کیے جانے، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل کے توسط سے خلیجی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری پلان جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 22پیسے کی کمی سے 277روپے 90پیسے کی سطح پر بھی آگئی۔


بعد ازاں سپلائی بہتر ہوتے ہی مارکیٹ فورسز کی جانب سے ڈیمانڈ بڑھ گئی جس کے نتیجے میں کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 04پیسے کی کمی سے 278روپے 08پیسے کی سطح پر بند ہوئے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 06پیسے کی کمی سے 290روپے 67پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

Load Next Story