سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، سینئر وزیر سندھ کی مہمانوں کو صوبائی منصوبوں پر بریفنگ


ویب ڈیسک March 26, 2024
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: اسکرین گریب)

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ اور ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے ملاقات کی۔


اہم ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔


شرجیل انعام میمن نے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کو سندھ حکومت کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا ۔ انہوں نے مختلف محکموں کی کامیابیوں سے متعلق بھی برطانوی ہائی کمشنر کو تفصیلات بتائیں۔


برطانوی ہائی کمشنر نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر حکومت سندھ کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور صوبے میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پنک بس سروس ایک قابل تحسین اور قابل رشک منصوبہ ہے۔


صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اس وقت بہت موزوں ملک ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں۔


انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کار سندھ میں خاص طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔


ملاقات کے بعد شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھ کی ثقافت کے روایتی لُنگی اور ٹوپی کے تحائف پیش کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں