جیولری چوری پر خواتین پر تشدد وزیراعلیٰ کا عظمی کاردار کو شوکاز نوٹس
مریم نواز نے عظمی کاردار اور ملک وحید پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد لیگی اراکین اسمبلی عظمیٰ کاردار اور ملک وحید پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عظمی کاردار کی جیولری چوری کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئےماڈل ٹاؤن کلب کی خواتین ملازمین پر پولیس تشدد کے باعث عظمی کاردار کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سب انسپکٹر سے معافی منگوانے پر لیگی ایم پی اے ملک وحید کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
شوکاز نوٹس میں عظمیٰ کاردار اور ملک وحید دونوں ایم پی ایز کو ایک ہفتہ کے اندر اپنے معاملات کی وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں ایم پی ایز اگر قیادت کو مطمئن نہ کر سکے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کی ایم پی اے کی گاڑی روکنے پر محکمانہ کارروائی کا نشانہ بننےوالے سب انسپکٹر سے ملاقات
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوئمنگ پول میں تیراکی کے دوران کلب سے عظمیٰ کاردار کا پرس چوری ہوا جس میں طلائی زیورات تھے، لیگی ایم پی اے نے چوری کا الزام کلب کی تین خواتین پر عائد کرتے ہوئے پولیس سے اُن کے خلاف کارروائی کروائی تھی۔
ایک روز قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پولیس نے بے گناہی کے باوجود تین خواتین کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا ہے البتہ متعلقہ تھانے کے افسر نے ذرائع کو بتایا تھا کہ تینوں خواتین پر جرم ثابت نہیں ہوا اور لیگی ایم پی اے کے شوہر کو اعتماد میں لے کر انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ چند روز قبل ایم پی اے ملک وحید نے قانون کی خلاف ورزی پر روکے جانے پر پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی اور سرعام معافی منگوانے کے بعد اُس کا تبادلہ کروادیا تھا۔