فٹنس کیمپ 4 کرکٹر پہلے روز ٹریننگ سیشن میں شریک نہ ہوئے

پہلے روز25 پلیئرز شریک،بابر، نسیم، افتخار اور عامر آج جوائن کریں گے

پہلے روز25 پلیئرز شریک،بابر، نسیم، افتخار اور عامر آج جوائن کریں گے۔ فوٹو: پی سی ٹی

کرکٹرز کو سپر فٹ بنانے کی مہم کا آغاز ہوگیا جب کہ کاکول اکیڈمی میں کیمپ کے پہلے روز 25 کرکٹرز شریک ہوئے۔

پاکستان ٹیم کو رواں سال نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ سے سیریز کے بعد امریکااور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں بھی شرکت کرنا ہے، بعد ازاں دورہ آسٹریلیا سمیت کئی بڑے ایونٹس شیڈول ہیں،ان سخت چیلنجز کی تیاری کیلیے کرکٹرز کو سپر فٹ بنانے کی مہم شروع کردی گئی۔

ٹریننگ کیمپ کا کاکول ملٹری اکیڈمی ایبٹ آباد میں گذشتہ روز آغاز ہوگیا، مجموعی طور پر 29کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، عمرے کی ادائیگی کے بعد عازم سفر بابر اعظم، نسیم شاہ اور افتخار احمد پہلے روز ٹریننگ کیلیے موجود نہیں تھے، بدھ کو دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیں گے، فاسٹ بولر محمد عامر بھی گذشتہ رات پہنچ گئے تھے۔


یہ بھی پڑھیں: ٹی20 فزیکل فٹنس کیمپ کیلیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

پی سی بی میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کے ساتھ فزیو کلف ڈیکن بھی ٹریننگ کی نگرانی کررہے ہیں، پاک فوج کے ٹرینرز فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے مشقیں کروا رہے ہیں، فٹنس کیمپ 8اپریل تک جاری رہے گا جس کے بعد عید کی تعطیلات ہوں گی۔

ٹریننگ کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد کیویز سے ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا،بیشتر ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جنھیں ورلڈکپ پلان کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، پہلا ٹی 20میچ 18 اپریل کو پنڈی میں کھیلاجائے گا، وہاں مزید 2میچز کے بعد آخری دونوں مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
Load Next Story