اسرائیل کی حماس کے تیسرے انتہائی مطلوب کمانڈر مروان کو قتل کرنے کی تصدیق

مروان عیسی دو ہفتوں قبل کیے گئے ایک حملے میں ساتھی سمیت ہلاک ہوا، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

مروان عیسی دو ہفتوں قبل کیے گئے ایک حملے میں ساتھی سمیت ہلاک ہوا، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ دو ہفتے ایک کارروائی میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت حماس کے تیسرے بڑے انتہائی مطلوب کمانڈر مروان عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دو ہفتے قبل حماس کے ایک ٹھکانے پر کیے گئے حملے میں اندازہ نہیں تھا کہ اسرائیلی فوج کو اتنی بڑی کامیابی مل جائے گی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے تین روز بعد پتا چلا کہ مرنے والوں میں حماس کا انتہائی مطلوب کمانڈر بھی شامل ہے جس کی تصدیق کا عمل شروع کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ اب اس بات کی مکمل طور پر تصدیق ہوگئی ہے کہ ہلاک ہونے والا مروان عیسیٰ تھا جو اسرائیل کو مطلوب حماس کے اہم ترین کمانڈرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کا حماس کے تیسرے بڑے رہنما کو قتل کرنے کا دعویٰ؛ تصدیق کا عمل جاری


بیان میں کہا گیا ہے کہ مروان عیسیٰ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کا منصوبہ ساز بھی تھا۔ جس کی غزہ اور لبنان میں تلاش جاری تھی لیکن وہ ہر بار چکمہ دینے میں کامیاب ہوجاتے تھے۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں حماس کے ایک اور رہنما سینٹرل کیمپس بریگیڈ کا کمانڈر غازی ابو طماعہ بھی مارا گیا۔

دوسری جانب حماس کے رہنما عزت الرشق نے کہا کہ اسرائیل کا مروان عیسیٰ کے قتل کا اعلان دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ حماس کی جانب سے مروان عیسی کی اسرائیلی فوج کے حملے میں ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

 
Load Next Story