کراچی منگھوپیرمیں 2 لاشیں ملنے کا معاملہ ایک مقتول مسنگ پرسنز میں شامل
منگھوپیرناردرن بائی پاس کے قریب سے 2 افراد کی آنکھوں پرپٹیاں اورہاتھ پشت پربندھے ہوئے لاشیں ملی ہیں، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، ایک لاش کی شناخت 23 سالہ شاہ زمان کے نام سے ہوئی ہے جو مسنگ پرسنز میں شامل تھا۔
منگھوپیرتھانے کی حدود ناردرن بائی پاس زریاب ہوٹل کے قریب2 افراد کی آنکھوں پرپٹیاں اورہاتھ پشت پربندھے لاشیں ملیں، جنہیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنےپرپولیس حکام موقع پرپہنچ گئے اورفوری طورپر جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو موقع پرطلب کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمن بگٹی کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد کو سرپرگولی مارکر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم کا ایک خول ملا ہے۔ قتل کیے جانے والے ایک شخص کے پاس سے اس کا قومی شناختی کارڈ ملا ہے جس پر اس کا نام شاہ زمان علی تحریر ہے جب کہ دوسرے کی شناخت بائیو میٹرک تلاش ڈیوائس کی مدد سے کی جارہی ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقتول شاہ زمان مسنگ پرسنز میں شامل تھا، اور 17 اگست 2023کو لیاری چاکیواڑہ سے لاپتہ ہوا تھا جس کا مقدمہ چاکیواڑہ تھانے میں درج ہے، لاپتا ہونے کے تقریبا 7ماہ بعد لاش منگھوپیر سے مل گئی، جبکہ ملنے والی دوسری لاش کی شناخت تاحل نہ ہوسکی۔
واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضلع غربی کی ٹیکنیکل ٹیم کی مدد بھی حاصل کرلی گئی ہے۔